پی ایس ایل x : دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا شاندار آغاز ، لاہور قلندرز ناکام
دفاعی چیمپیئن اسلام آباد کو 140 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 17 اعشاریہ 4 اوورز میں ہی محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پی ایس ایل 10: دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا شاندار آغاز، لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 2 اوور میں 139 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
لاہور قلندرز کا آغاز بھی بہت اچھا نہیں رہا تھا اور اس کے کھلاڑی ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ تاہم عبداللہ شفیق نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کا قدرے بہتر انداز میں مقابلہ کیا۔
وہ اپنی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں سب سے نمایاں رہے اور انہوں نے 66 رنزکی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر نے 4، کپتان شاداب خان نے 3 اور امداد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح دفاعی چیمپیئن کو 140 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 17 اعشاریہ 4 اوورز میں ہی محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
اسلام آباد کی پہلی وکٹ جلدی گرگئی تھی جب اینڈریز گاؤس دوسرے ہی اوور میں صرف 8 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ وہ صرف 4 رنز بناسکے۔
تاہم اس کے بعد ٹیم تھوڑا سنبھل کر کھیلی لیکن صاحزادہ فرحان جو خاصا تیز کھیل رہے تھے 9 ویں اوور میں 63 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنائے جن میں 3 چھکے بھی شامل تھے۔
اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز لاہور قلندرز کے بولرز کے قابو نہیں آئے اور اطمینان سے بغیر کسی نقصان کے اپنے ہدف کی طرف بڑھتے رہے۔ کولن منرو اور آغا سلمان وکٹ پر ڈٹے رہے تاوقتیکہ ان کی ٹیم نے وننگ ہٹ نہ لگالی۔
کولن منرو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ آغا سلمان نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر ناقابل شکست 41 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے بولرز آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔
قبل ازیں راولپنڈی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے نامور گلوگاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا اور اس موقعے پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ; اینڈریز گاؤس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، سلمان آغاز، اعظم خان، شاداب خان ( کپتان ) جیسن ہولڈر، عماد وسیم، محمد شہزاد، نسیم شاہ اور ریلے میریڈتھ۔
لاہور قلندرز ; فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل،سام بلنگز ، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، شاہین شاہ آفریدی ( کپتان )، جہانداد خان، حارث رؤف اور آصف رؤف۔