کرکٹ

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمنز کی مسلسل تیسری کامیابی

ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے ہرادیا۔ سدرہ امین کی نصف سنچری ، فاطمہ ثنا کی تین وکٹیں

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرمیں پاکستان ویمنز کی مسلسل تیسری کامیابی۔

ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے ہرادیا۔

سدرہ امین کی نصف سنچری ، فاطمہ ثنا کی تین وکٹیں

لاہور ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں اپنے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کو 65 رنز سے شکست دے دی۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے آئرلینڈ کو38 رنز سے اور اسکاٹ لینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی تین میچوں میں یہ دوسری شکست ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پیر کے روز کھیلے گئے اس ڈے نائٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 191 بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم جواب میں 39 اعشاریہ2 اوورز میں 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز میں سدرہ امین نے 94 گیندوں پر54 رنز اسکور کیے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔ منیبہ علی نے 60 گیندوں پر33 رنز کی اننگز کھیلی جس میں4 چوکے شامل تھے۔سدرہ نواز نے23 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان ہیلی میتھیوز نے30 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔ایفی فلیچر اور کرشما رامارک نے بھی بالترتیب39 اور 55 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی اننگز کی پہلی گیند پر ہی اہم کامیابی حاصل ہوگئی جب کپتان فاطمہ ثنا نے اپنی ہم منصب ہیلی میتھیوز کو ایل بی ڈْبلیو کردیا۔

15کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ گری جب شیمین کیمبل تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔

54 رنز تک پہنچنے پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی جن میں سے دو بیٹرز جینالی گلاسگو اور شنالی ہنری کو لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے اپنے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔

پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی اسوقت حاصل ہوئی جب رامین شمیم نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے17 رنز بنانے والی اسٹیفینی ٹیلر کو آؤٹ کردیا۔اسوقت ویسٹ انڈیز کا اسکور6 وکٹوں پر 87 رنز تھا۔

10 رنز کے اضافے پر فاطمہ ثنا نے اپنی دوسری وکٹ شابیکا کو آؤٹ کرکے حاصل کرلی اور اپنی ٹیم کو جیت سے مزید قریب کردیا۔ اس موقع پر سعدیہ اقبال بھی ایکشن میں آئیں اور انہوں نے ایفی فلیچر کی وکٹ حاصل کرڈالی۔

فاطمہ ثنا نے اننگز میں اپنی تیسری وکٹ اشمینی مونیسر کو آؤٹ کرکے حاصل کی اور پھر 126 کے مجموعی اسکور پر رامین شمیم نے ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ آلیا ایلین کو آؤٹ کرکے پاکستان کی جیت کو مکمل کردیا۔

فاطمہ ثنا نے16 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ سندھو نے 31 اور رامین شمیم نے 26رنز کے عوض دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سدرہ امین پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

پاکستان ویمنز اپنا چوتھا میچ 17 اپریل کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا آخری میچ 19 اپریل کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!