دیگر سپورٹس

مارشل آرٹس ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی علی وزیر کا پشاور پہنچنے پر فقید المثال استقبال

سعودی عرب میں عالمی مارشل ارٹس ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت کر اہل وطن کا فخر سے بلندکرنیوالے علی وزیر کا پشاور پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیا

پشاور: سعودی عرب میں منعقدہ انٹرنیشنل اوپن مارشل آرٹس ووشو چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے والے نوجوان کھلاڑی علی وزیر کا پشاور پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔

ان کی آمد پر کھلاڑیوں، اساتذہ، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین نے ان پر گل پاشی کی، ہار پہنائے اور ان کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

یہ استقبالیہ تقریب حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا آئی ٹی ایف ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کوچ نوید حبیبی، اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمن عابد ناظم، علی وزیر کے والداور بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

تقریب میں علی وزیر کے اعزاز میں کیک کاٹنے کی رسم ادا کی گئی جبکہ کلب کے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں نے نہایت شاندار ٹائیکوانڈو مظاہرے بھی پیش کیے اور دوستانہ مقابلوں میں حصہ لے کر تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔

اس موقع پر ٹائیکوانڈو ماسٹر نوید حبیبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی وزیر ایک باصلاحیت اور ہمہ گیر مارشل آرٹس ایتھلیٹ ہیں، جو نہ صرف ٹائیکوانڈو میں ماہر ہیں بلکہ کک باکسنگ، ایم ایم اے اور باکسنگ جیسے دیگر شعبوں میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی وزیر نے انہی کے زیر تربیت رہ کر یہ مقام حاصل کیا، اور یہ کامیابی محض ایک آغاز ہے،اگر حکومتی و نجی سطح پر سپورٹ فراہم کی جائے تو کئی مزید علی وزیر ابھر سکتے ہیں۔

علی وزیر نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میرے لیے یہ ایک عظیم لمحہ ہے کہ میں نے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔

یہی وہ مقام ہے جہاں میری محنت رنگ لائی اور اسی کلب کی جانب سے اب مجھے کوچنگ کی پیشکش بھی کی گئی ہے، جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے اپنے کوچ نوید حبیبی کی تربیت کو کامیابی کی اصل بنیاد قرار دیا اور کہاکہ کوچ نوید نے جس انداز میں مجھے مختلف اسٹائلز کی تربیت دی، وہ بے مثال ہے۔ آج میں جس مقام پر ہوں، وہ ان کی محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

تقریب کا اختتام اس امید کے ساتھ ہوا کہ پاکستان میں مارشل آرٹس کے بے پناہ ٹیلنٹ کو اگر مناسب پلیٹ فارم، تربیت، اور حوصلہ افزائی دی جائے تو عالمی سطح پر بے شمار کامیابیاں ممکن بنائی جا سکتی ہیں۔

آخر میں علی وزیر نے گرینڈ ماسٹر رحیم اللہ حبیبی، خیبرپختونخوا آئی ٹی ایف ایسوسی ایشن کے سینئر بلیک بیلٹس اجمل آفریدی، محمد شہزاد، محمد رحمانی، ہاشم آفریدی، ادریس آفریدی، صفینا جبران، افسران عمر خطیب، ڈاکٹر عثمان، جبران شفق، اور ذاکر مروت کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ یادگار تقریب منعقد کی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!