کلب نیوز

زون پانچ انٹر کلب کرکٹ: پاک کورنگی نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

فضل حسین سی سی کو ہرا دیا،پاک پیراماؤنٹ،لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو ہرا کر فائنل فور میں شامل

زون پانچ انٹر کلب کرکٹ:پاک کورنگی نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

فضل حسین سی سی کو ہرا دیا،پاک پیراماؤنٹ،لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو ہرا کر فائنل فور میں شامل

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاک کورنگی نے فضل حسین سی سی کو دس وکٹوں سے اور پاک پیراماؤنٹ نے لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو6وکٹوں سے شکست دے کر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون پانچ کے زیر اہتمام جاری ٹی20ناک آؤٹ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئیپہلے کوارٹر فائنل میں پاک کورنگی سی سی نے فضل حسین سی سی کو 10وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔فضل حسین سی سی پہلے کھیلتے ہوئے 18.2اوورز میں 115رنزبناکر آؤٹ ہو گئی۔

جبران خان نے 21رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔طاہر خلیل اور شیر علی 16-16رنز بنا سکے۔پاک کورنگی کی جانب سے عاشر قریشی اورمحمد زوہیب نے تین تین جبکہ اسامہ بشارت اور ارسلان بشیر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاک کورنگی سی سی نے12.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے119رنز بناکر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔افسر نواز 39گیندوں پر پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75اور اشعر قریشی نے سات چوکوں کی مدد سے 44رنز بنائے۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں پاک پیرا ماؤنٹ سی سی نے لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو 6وکٹوں سے شکست دے کر ٹاپ فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔لانڈھی جیم خانہ کولٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر 113رنز بنائے۔

عارف شاہ نے 30گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 37اور محمد فیع نے 15گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25رنزبنائے۔یاور حسین20رنز بنا سکے۔

پاک پیراماؤنٹ کی جانب سے خوشحال خان،عابد علی،رحیم خان اور عماد رفیق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاک پیراماؤنٹ نے 16.1اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

عاطف اقبال نے 20گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34،محمد ابرار نے تین چوکوں کی مدد سے31اور ایس ایم لقمان نے 25رنز بنائے۔ عارف شاہ،محمد حسنین اوررافع تاج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!