دیگر سپورٹس

اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ملتان "سجام” کے اعزاز میں عشائیہ

ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا "سجام” کے اعزاز میں عشائیہ ،

قاسم باغ اسٹیڈیم میں کھیلوں کے فروغ،

باہمی ہم آہنگی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن پر اعتماد کا اظہار

ملتان، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملتان نے اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ملتان (سجام) کے اعزاز میں ایک عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں کھیلوں کے فروغ اور مختلف کھیلوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔

اس تقریب میں ملتان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارسلان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "کھیلو اور کھیلنے دو” کے اصول کے تحت تمام کھیلوں کو یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔

محمد ارسلان خان نے اس بات پر زور دیا کہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں کرکٹ اسٹیٹس کی بحالی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا حصہ ہے،

جو کھیلوں کے تمام شعبوں کے فروغ کے لیے ایک بین الاقوامی معیار کے میدان کے قیام کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قاسم باغ اسٹیڈیم ایک تاریخی میدان ہے جہاں 1979-80 میں ٹیسٹ میچ اور 1980 سے 1994 تک متعدد بین الاقوامی کرکٹ میچز منعقد ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کرکٹ ایسوسی ایشن فٹبال یا کسی دوسرے کھیل کے لیے بھی مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ ایسوسی ایشن "کھیلو اور کھیلنے دو” کے اصول پر یقین رکھتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ کھیلوں کا حقیقی مقصد ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔

عشائیہ میں انٹرنیشنل بیس بال امپائر محمد جمیل کامران نے بیس بال کے کھیل کی مقبولیت اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیس بال کی عالمی رینکنگ میں 27ویں نمبر پر ہے،

مگر اس کھیل کے لیے ابھی تک کوئی خصوصی گراؤنڈ دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے قاسم باغ یا سپورٹس کمپلیکس میں بیس بال کے لیے ڈائمنڈ گراؤنڈ بنانے کی تجویز دی۔

اس موقع پر سجام کے جنرل سیکریٹری طاہر لطیف نے کہا کہ ملتان کے سپورٹس میڈیا کو کھیلوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی اختلافات کے حل میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اولمپکس کی طرز پر ایک مشترکہ سپورٹس فورم بنانے کی تجویز دی، جس سے کھیلوں کی تنظیمیں آپس میں مل کر کام کر سکیں۔

یہ عشائیہ تقریب وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ملتان میں کھیلوں کے فروغ اور مختلف کھیلوں کے میدانوں کے قیام کی حمایت میں ایک قدم آگے بڑھانے کی غرض سے منعقد کی گئی،

جس کا مقصد نہ صرف کھیلوں کی ترویج بلکہ تمام کھیلوں کے درمیان ہم آہنگی اور اشتراک کو فروغ دینا تھا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!