پاک بھارت کشیدگی: پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ ری شیڈول
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کے بارے میں اپ ڈیٹ
راولپنڈی، 8 مئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج رات راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی مناسب وقت پر نظر ثانی شدہ تاریخ کا اعلان کرے گا۔
گیلری اور انکلوژرز کے ٹکٹ ہولڈرز ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے آج رات کے میچ کے لیے رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں جبکہ آج رات کے مقابلے کے لیے آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کی واپسی بکنگ کے وقت استعمال کیے گئے اکاؤنٹس میں خود بخود ہو جائے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کراچی منتقل کردیے جبکہ آج راولپنڈی میں ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے۔ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ضرورت محسوس ہونے پر بقیہ میچز دبئی منتقل کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی فوڈ سڑیٹ کے قریب پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا، سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد جائے وقوعہ کے گرد قناعتیں لگادی گئیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔
سکیورٹی ادارے اور بم ڈسپوزل کی ٹیمیں چیکنگ میں مصروف ہیں جبکہ کرکٹ سٹیڈیم کے تمام گیٹ بند کردیئے گئے ہیں، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں شام 8 بجے مدمقابل آئیں گی