ڈی ایچ اے لاہور پنجاب جونیئرز و سینیئرز ٹینس چیمپئن شپ کا افتتاح
ڈی ایچ اے لاہور پنجاب جونیئرز و سینیئرز ٹینس چیمپئن شپ کا افتتاح
لاہور: پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن (پی ایل ٹی اے) کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر اور سابق ڈیوس کپ کھلاڑی رشید ملک نے جمعرات کو ڈی ایچ اے لاہور پنجاب جونیئرز و سینیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2025 کا باقاعدہ افتتاح ڈی ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس، سیکٹر جی، فیز 5 لاہور میں افتتاحی شاٹ کھیل کر کیا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر (ر) میر محمد صدیق ستارہ امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر اسپورٹس ڈی ایچ اے لاہور، لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد شہباز تمغہ امتیاز، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس، سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی نسیم احمد، ڈی ایچ اے ٹینس کوچ سکندر حیات، کھلاڑیوں اور شائقینِ ٹینس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رشید ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ اے لاہور کی اسپورٹس کے فروغ میں دلچسپی اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے وژن کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ "ڈی ایچ اے کی شاندار سہولیات اور مثبت طرزِ فکر پاکستان میں نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کی تربیت اور مستقبل کے اسٹارز کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔”
انہوں نے ڈی ایچ اے لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایل ٹی اے اور ڈی ایچ اے لاہور کی یہ شراکت داری صرف ایک آغاز ہے۔
ہم آئندہ مرحلے میں قومی سطح کی ٹینس چیمپئن شپس اور مستقبل میں ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، کیونکہ ڈی ایچ اے کی سہولیات اس سطح کے مقابلوں کے لیے موزوں ہیں۔
بطور ٹورنامنٹ آرگنائزر، رشید ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 17 مختلف کیٹیگریز میں 100 سے زائد کھلاڑیوں نے اندراج کروایا ہے۔ ان کیٹیگریز میں مرد و خواتین سنگلز اور ڈبلز (صرف ڈی ایچ اے کلب ممبرز کے لیے)،
سینئر ڈبلز 50 پلس اور 60 پلس کے ساتھ ساتھ جونیئر اوپن کی مختلف کیٹیگریز شامل ہیں۔ جونیئر مقابلوں میں انڈر 18، انڈر 14، انڈر 12، انڈر 10، انڈر 8 اور انڈر 6 کیٹیگریز میں لڑکے اور لڑکیاں شریک ہوں گے۔