پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کیلئے کتنے نئے غیر ملکی کھلاڑی شامل؟
پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کیلئے کتنے نئے غیر ملکی کھلاڑی شامل؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے ابتدائی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ کا حصہ نہ بننے والے کھلاڑیوں نے بھی بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کا ٹیموں کو جوائن کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن اور راجا پاکسے، سری لنکا کے دنیش چندیمل، اویشکا فرنینڈو، افغانستان کے گلبدین نائب، اسکاٹ لینڈ کے جارج منسے، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، جنوبی افریقی بیٹر رسی وین ڈر ڈیوسن پی ایس ایل 10 کے ابتدائی میچز میں ٹیموں کا حصہ نہیں تھے۔
تاہم، ان تمام کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ 8 میچز کے لیے پاکستان آنے کے لیے دستیابی ظاہر کردی اور تمام کھلاڑی 17 مئی سے راولپنڈی میں ایکشن میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا اور پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔
تاہم، اب پی سی بی نے بقیہ میچز کا شیڈول جاری کردیا جس کے تحت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لیگ کے آخری 4 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور پلے آف مرحلے کی میزبانی کرے گا جس میں فائنل بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق شکیب الحسن اور راجا پاکسے لاہور قلندرز میں شامل ہوگئے ہیں، رائیلی روسوو اور فن ایلن کے علاوہ گلبدین نائب ، دنیش چندیمل اور اویشکا فرنینڈو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک ہوگئے ہیں جب کہ جارج منسے کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل، الیکس ہیلز، رسی وین ڈر ڈیوسن، ڈیوڈ وارنر ، بین میک ڈرموٹ، جیمز ونس، سکندر رضا، لیوک ووڈ ، ٹام کوہلر کیڈ مور، میکس برائنٹ، نجیب اللہ زدران، کوشل مینڈس بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے کی ہامی بھرچکے ہیں۔
دوسری جانب، نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو این او سی کے مسائل کا سامنا ہے تاہم پی سی بی کے کیوی بورڈ اور پلیئرز سے مذاکرات جاری ہیں۔