پاکستان کے مقابلے میں دنیا ماڈرن ڈے کرکٹ میں بہت آگے نکل گئی: محمد حارث
پاکستان کے مقابلے میں دنیا ماڈرن ڈے کرکٹ میں بہت آگے نکل گئی: محمد حارث
پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں دنیا ماڈرن ڈے کرکٹ کے حساب سے بہت آگے نکل گئی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر ماڈرن ڈے کرکٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پریکٹس کرتا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ جارحانہ انداز سے کھیل کر پہلے بولر پر حاوی ہو جاؤں۔
انہوں نے کہا کہ کوچز سے بھی اسی بارے میں تبادلہ خیال ہوتا رہتا ہے کہ ماڈرن ڈے کرکٹ کو کیسے اپنانا ہے، سینئرز تجربہ بانٹتے ہیں، رہنمائی کرتے ہیں، لیکن اصل محنت کھلاڑی کو خود کرنا پڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہے سامنے کتنا ہی بڑا بیٹر یا بالر کیوں نہ ہو، دباؤ دونوں طرف برابر ہوتا ہے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تکنیک کا درست استعمال کھلاڑی کو پریشر سے نکال کر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت دیتا ہے۔
محمد حارث نے مزید کہا کہ اگرچہ کسی بھی بیٹر کے لیے بیٹنگ آرڈر اہم ہوتا ہے، لیکن وہ خود کو ہر نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ٹیم کی ضرورت ہے، پرفارمنس دینا میرا اصل مقصد ہوتا ہے، چاہے مجھے اوپننگ کرنی پڑے یا نچلے نمبروں پر کھیلنا پڑے۔
پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ میرا ہدف یہ ہے کہ مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جدید کرکٹ کے تقاضوں پر پورا اتروں۔