کرکٹ

پی سی بی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

سیریز 28 مئی سے یکم جون تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے حوالے سے صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق تینوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے،

تاہم اس نئے اعلان کے ساتھ ہی بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر تحفظات سامنے آ گئے ہیں، جس کے باعث سیریز کے انعقاد کے حوالے سے ابہام مزید بڑھ گیا ہے۔

تازہ شیڈول کے مطابق سیریز کا آغاز 28 مئی سے ہو گا، جب کہ دوسرا میچ 30 مئی اور تیسرا و آخری میچ یکم جون کو شیڈول کیا گیا ہے۔ بنگلادیشی ٹیم 25 مئی کو لاہور پہنچے گی اور 2روزہ پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی تاکہ مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کی جا سکے۔

پی سی بی کے مطابق میچز کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور شائقین کرکٹ ایک دلچسپ سیریز کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس نئے شیڈول پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنگلادیشی حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ ٹیم کو مقامی موسم اور کنڈیشنز سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہونے کے لیے مزید وقت درکار ہے، اس لیے میچز کی تاریخوں کو ایک یا 2دن کے لیے مزید آگے بڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر 27، 29 اور یکم جون کی تاریخیں تجویز کی گئی تھیں، تاہم ان میں رد و بدل کے بعد نیا شیڈول سامنے آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس صورتحال پر غور کر رہا ہے اور ایک اہم اجلاس کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے کہ آیا میچز موجودہ تاریخوں پر ہوں گے یا بنگلادیشی ٹیم کی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں مزید تبدیلی کی جائے گی۔ موجودہ حالات میں یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ سیریز بغیر کسی مزید رکاوٹ کے مکمل ہو گی یا مزید تبدیلیوں کی گنجائش باقی ہے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے خصوصی طور پر دبئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور سیریز کے انعقاد پر بات چیت کی۔

بھارتی میڈیا اور بعض مخالف عناصر کی طرف سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کے باعث ابتدائی طور پر بنگلادیشی ٹیم کے کچھ ارکان پاکستان آنے سے ہچکچا رہے تھے، لیکن محسن نقوی کی ذاتی کوششوں سے صورتحال کچھ حد تک بہتر ہوئی اور ٹیم کے دورہ پاکستان پر رضامندی ظاہر کی گئی۔

پی سی بی نے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کئی نوجوان باصلاحیت کرکٹرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو کپتان مقرر کیا گیا ہے، جب کہ نائب قیادت کی ذمہ داری شاداب خان کے سپرد کی گئی ہے۔ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب شامل ہیں۔

اس اسکواڈ کی سلیکشن آئندہ بین الاقوامی ایونٹس، خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکے اور مستقبل کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دی جا سکے۔ سلمان علی آغا کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی پر خاص نظر رکھی جائے گی، کیونکہ یہ ان کا پہلا بڑا امتحان ہو گا۔

سیریز کی تمام تر میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو سونپی گئی ہے، جو کہ پاکستان کے کرکٹ تاریخ کا اہم ترین اسٹیڈیم سمجھا جاتا ہے۔

پہلے یہ طے کیا گیا تھا کہ کچھ میچز فیصل آباد میں بھی ہوں گے، مگر نئے شیڈول کے تحت فیصل آباد کو میزبانی سے باہر کر دیا گیا ہے۔ لاہور کے شائقین کو تینوں میچز دیکھنے کا موقع ملے گا، جو یقیناً مقامی شائقین کے لیے خوشی کی بات ہے۔

حالات کا جائزہ لیتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ اگرچہ پی سی بی کی جانب سے مکمل تیاری کر لی گئی ہے، تاہم بنگلادیشی بورڈ کے مسلسل اعتراضات اور تاریخوں میں رد و بدل کے باعث سیریز کے حتمی انعقاد پر سوالیہ نشان اب بھی موجود ہے۔

اس صورتحال پر حتمی روشنی پی سی بی کے اگلے اجلاس کے بعد ہی پڑے گی، جس میں ممکنہ طور پر حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

 

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!