کراچی کنگز کی شکست کی وجہ کیا تھی؟ نائب کپتان حسن علی نے بتا دیا
کراچی کنگز کی شکست کی وجہ کیا تھی، نائب کپتان حسن علی نے بتا دیا
ویب ڈیسک ; پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے کراچی کنگز کے باہر ہونے کے بعد نائب کپتان حسن علی نے پریس کانفرنس میں ٹیم کی کارکردگی اور ٹورنامنٹ میں اپنے سفر پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر اچھا کھیل دکھایا، مگر بعض اہم مواقع پر ہم توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے۔ حسن علی نے مزید کہا کہ بیٹنگ کے دوران ہم نے اچھا اسکور بنایا، لیکن پاور پلے میں وکٹیں کم لینے کی وجہ سے میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔
انہوں نے اس موقع پر افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی کنگز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی اور کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ جیتنے کی امید کی تھی، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔
نائب کپتان نے ٹیم کی اجتماعی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمارے لیے ایک مثبت پہلو یہ رہا کہ ہم نے ایک یونٹ کے طور پر اچھا کھیل پیش کیا۔
اپنی ذاتی کارکردگی اور قومی ٹیم میں واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنا میرے لیے بڑی بات ہے اور میں پوری کوشش کروں گا کہ ملک کے لیے بہترین پرفارم کر سکوں۔
لاہور قلندرز کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قلندرز نے پاور پلے میں شاندار کھیل پیش کیا جس کی بدولت وہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔