بِٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی
بِٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی
نیویارک ، ویب ڈیسک : دنیا کی سب سے مشہور اور قیمتی کرپٹو کرنسی بِٹ کوائن نے اپنی قیمت کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے، عالمی مارکیٹ میں بِٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 1 لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے،
جس کے بعد سرمایہ کاروں اور مالیاتی ماہرین کی توجہ ایک بار پھر ڈیجیٹل کرنسی کی جانب مرکوز ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے،یورپ اور ایشیا میں شرح سود میں کمی کی وجہ سے روایتی سرمایہ کاری پر منافع کم ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کار کرپٹو کرنسیز کی جانب رخ کر رہے ہیں۔
بِٹ کوائن کی قیمت میں اضافے کے ساتھ دیگر بڑی کرپٹو کرنسیز جیسے ایتھریم، سولانا، ڈوج کوائن اور کارڈانو کی قیمتوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو آنے والے مہینوں میں مزید ریکارڈز بن سکتے ہیں۔
خیال رہےکہ رواں برس جنوری 2025 میں بٹ کوائن نے 1 لاکھ 9 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح کو چھوا تھا، جو اُس وقت ایک نئی بلندی سمجھی جارہی تھی تاہم اب مئی کے آخر میں، نئی سیاسی اور مالیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اس کرپٹو کرنسی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بِٹ کوائن کیا ہے اور اسے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
بِٹ کوائن (Bitcoin) ایک ڈیجیٹل کرنسی ہے جسے 2009 میں “ساتوشی ناکاموتو” نامی ایک نامعلوم شخص یا گروہ نے متعارف کروایا تھا، یہ ایک “ڈی سینٹرلائزڈ” (غیر مرکزی) کرنسی ہے یعنی اسے کوئی حکومت یا بینک کنٹرول نہیں کرتا۔
اہم خصوصیات:
ڈیجیٹل کرنسی: بٹ کوائن مکمل طور پر انٹرنیٹ پر موجود ہے، ہر لین دین کو محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے، بٹ کوائن کی کل تعداد 21 ملین تک محدود ہے، جس کی وجہ سے اس کی مانگ اور قیمت بڑھتی ہے۔
استعمال کا طریقہ:
بٹ کوائن والیٹ (Bitcoin Wallet) بنائیں، یہ ایک ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہوتا ہے جہاں آپ اپنے بٹ کوائن محفوظ رکھتے ہیں، یہ موبائل ایپس، ویب سائٹس یا فزیکل ڈیوائسز پر مبنی ہو سکتا ہے۔
بٹ کوائن خریدیں:
آپ آن لائن کرپٹو ایکسچینجز (جیسے Binance، Coinbase، Kraken وغیرہ) سے بٹ کوائن خرید سکتے ہیں۔
ادائیگی اور ٹرانسفر:
آپ بٹ کوائن کے ذریعے آن لائن اشیاء خرید سکتے ہیں، پیسے ٹرانسفر کر سکتے ہیں یا سرمایہ کاری کے طور پر محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
محفوظ رکھنا ضروری ہے:
چونکہ یہ کرنسی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے، اس لیے پاس ورڈز یا پرائیویٹ کیز (Keys) کی حفاظت بہت ضروری ہوتی ہے ورنہ آپ اپنے بٹ کوائنز ہمیشہ کے لیے کھو سکتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر:
کرپٹو مارکیٹ بہت اتار چڑھاؤ والی ہوتی ہے۔ قیمتیں دنوں میں گر یا بڑھ سکتی ہیں، کسی بھی سرمایہ کاری سے پہلے مکمل تحقیق اور مناسب رہنمائی ضروری ہے، دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے صرف معروف اور لائسنس یافتہ ایکسچینجز سے لین دین کریں۔