سائنس دانوں کا مرد تن سازوں سے متعلق ہوشربا انکشاف!
سائنس دانوں کا مرد تن سازوں سے متعلق ہوشربا انکشاف!
ویب ڈیسک ; ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ مرد تن سازوں کو قلبی مسائل کی وجہ سے اچانک موت کا زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں پیشہ ورانہ تن سازی سے جڑے صحت کے مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے اور اس کھیل میں آگہی اور حفاظتی تدابیر متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اچانک قلبی موت اس وقت کو کہا جاتا ہے جب کسی شخص کی غیر متوقع طور پر قلبی مسئلے کے باعث موت واقع ہو جاتی ہے، اور یہ عموماً نوجوانوں میں کم ہی دیکھی جاتی ہے۔
تاہم، اس نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کیفیت سے مرد تن سازوں کی اموات غیر معمولی حد تک زیادہ ہو رہی ہیں، جن میں کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔ پیشہ ور تن سازوں کو اس خطرے کا سب سے زیادہ سامنا ہے۔
محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے اس مطالعے میں 20,286 مرد تن سازوں کی موت کی رپورٹ کا جائزہ لیا، جنہوں نے 2005 سے 2020 کے دوران کم از کم ایک بار تن سازی کے مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ ڈاکٹروں نے ان رپورٹوں کی تصدیق کی تھی۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ان 20,000 سے زائد پیشہ ور تن سازوں میں سے 121 کی اموات کی اوسط عمر 45 برس تھی، اور ان اموات میں تقریباً 40 فیصد قلبی مسائل کی وجہ سے واقع ہوئیں۔