آپ اپنی حدود میں رہیں ! کامران اکمل کا اعظم صدیقی کو دو ٹوک پیغام
آپ اپنی حدود میں رہیں ! کامران اکمل کا اعظم صدیقی کو دو ٹوک پیغام
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے سابق کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ذاتی تنقید سے گریز کریں اور اپنی حدود کے اندر رہیں۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں کامران اکمل نے ٹی20 ٹیم سے محمد رضوان اور بابر اعظم کو ڈراپ کیے جانے کے فیصلے کی حمایت کی تھی، جو بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی کو ناگوار گزری۔
اس پر بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے سوشل میڈیا پر ایک پرانی تصویر پوسٹ کی، جس میں کامران اکمل اپنے کمسن کزن بابر کے ساتھ موجود ہیں۔
تصویر کے ساتھ اعظم صدیقی نے لکھا کہ یہ لڑکا کبھی آپ کی قیادت میں نہیں کھیلا، لیکن آپ نے اس کی کپتانی میں صفر پر آؤٹ ہو کر واپسی کی، جبکہ وہ اس میچ میں سنچری بنا رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشفاق احمد نے درست کہا تھا کہ کامیاب لوگوں کے خلاف پیٹھ پیچھے بولنا ناکامی کی علامت ہے۔
پوسٹ میں ایک ترک کہاوت بھی شیئر کی گئی کہ اگر کوئی کہے کہ وہ آپ کا بھائی ہے، تو یہ بھی واضح کرے کہ وہ ہابیل کی مانند ہے یا قابیل کی طرح۔
کامران اکمل نے اس ذاتی حملے پر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں شدید ردعمل دیا اور اعظم صدیقی کی پوسٹ کو “نامناسب” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ آپ کو مزید کامیابی عطا کرے، مگر ہر بار خاموش رہنا ممکن نہیں ہوتا، خاص طور پر جب حقائق کے برعکس باتیں کی جائیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ میرے بارے میں کچھ کہنے سے قبل سچائی کو جانچ لیا کریں۔
کامران اکمل نے مزید لکھا کہ ہمیں اپنے والدین سے ایسی تربیت لینی چاہیے کہ ہم حسد جیسے منفی جذبات سے دور رہیں۔ میں نے پاکستان کی نمائندگی فخر سے کی ہے اور میدان میں وقار کے ساتھ کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے بات کو مزید بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگلی بار اپنے الفاظ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ کچھ حدود ہوتی ہیں، جو آپ پہلے بھی پار کر چکے ہیں۔ اب وقت ہے کہ آپ اپنی حدود کا خیال رکھیں۔ میری رائے کرکٹ سے متعلق ہوتی ہے، اسے ذاتی دشمنی کا رنگ نہ دیا جائے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بابر اعظم، کامران، عمر اور عدنان اکمل کے قریبی رشتے دار ہیں۔ ان تینوں بھائیوں نے پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا، مگر خاندانی اختلافات کے باعث ان کے تعلقات میں تلخی پائی جاتی ہے۔