کرکٹ

حسن نواز اور محمد حارث کی انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی۔

حسن نواز اور محمد حارث کی انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی۔

حسن نواز کا ٹیلنٹ مختصر سے وقت میں سامنے آیا ہے۔اس سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے صرف 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

محمد حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف لاہور کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں45 گیندوں پر سنچری بنائی ۔

دونوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپن کیا تھا اور 74 رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاور پلے کا پاکستان کا نو سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیاتھا۔

حسن نواز پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ابتک صرف 118 گیندوں پر227 رنز بناچکے ہیں جن میں16 چوکے اور 16چھکے شامل ہیں۔

محمد حارث 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 21چھکوں اور33 چوکوں کی مدد سے 370رنز بناچکے ہیں۔

محمد حارث نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز رچرڈ گلیسن کو چھکے کے ساتھ کیا تھا۔

محمد حارث نے فخرزمان کی غیرموجودگی میں 2022کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں میچ کھیلا تھا اور ربادا کو لگاتار چھکوں کے علاوہ ایک چوکا بھی مارا تھا۔

اس اننگز میں انہوں نے 11گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے تھے۔ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے میچوں میں انہوں نے 31 اور30 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی تھیں۔

ٹی ٹوئنٹی کے مجموعی مقابلوں میں حارث کا اسٹرائیک ریٹ 147 سے زیادہ ہے۔

محمد حارث کی قیادت میں اسٹالیئنز نے چیمپئنز کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتااور بیٹنگ میں بھی شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے تین نصف سنچریوں کی مدد سے269 رنز بنائے۔

محمد حارث نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بھی زلمی کی طرف سے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 247رنز بنائے جن میں 28 چوکے اور11 چھکے شامل تھے۔

حسن نواز کے لیے 25-2024 کا سیزن شاندار رہا ہے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنے کے علاوہ انہوں نے قائداعظم ٹرافی کی پانچ اننگز میں273 رنز اسکور کیے جس میں لاڑکانہ کے خلاف 169 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

حسن نواز ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز کپ میں نورپور لائنز کی طرف سے 312 رنز بناکر دوسرے نمبر پر رہے۔

حسن نواز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاور ہٹنگ کا زبردست مظاہرہ کیا اور30 چوکے اور17 چھکے مارے۔ وہ ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 399 رنز بناکر بہترین بیٹر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔

حسن نواز اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاور اسٹرائیک فورس کیمپ کا بھی حصہ تھے۔

حسن نواز نے 24-2023 کے سیزن میں بھی اسلام آباد ریجن کی طرف سے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے نان فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں530 رنز بنانے کے علاوہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی229 رنز بنائے تھے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!