کرکٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی، جس میں پاکستان کے نوجوان بلے باز محمد حارث نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 210 درجے چھلانگ لگا کر 30ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ بدستور بلے بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ پاکستان کے کوئی بھی بلے باز فی الحال ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

بابر اعظم، جنہیں طویل عرصے سے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اعلیٰ مقام حاصل تھا، تین درجے تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ ان کے ساتھی محمد رضوان بھی ایک درجہ نیچے جا کر 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

نوجوان حسن نواز نے 57 درجے بہتری کے بعد 46ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، جبکہ صائم ایوب 61ویں اور آغا سلمان 76ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں شاداب خان نے دس درجے ترقی کرتے ہوئے 14ویں مقام پر رسائی حاصل کر لی ہے، تاہم ٹاپ 10 میں اب بھی کوئی پاکستانی آل راؤنڈر شامل نہیں۔

گیند بازوں کی درجہ بندی میں بھی پاکستانی شائقین کیلئے زیادہ خوشخبری نہیں۔ کیوی پیسر جیکب ڈفی نے پہلی پوزیشن سنبھال رکھی ہے، جبکہ پاکستان کے حارث رؤف دو درجے گر کر 20ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

نوجوان عباس آفریدی نے متاثرکن کارکردگی کے باعث 18 درجے بہتری کے بعد 21ویں مقام پر قدم جما لیا ہے، لیکن شاہین شاہ آفریدی کی پانچ درجے تنزلی انہیں 36ویں نمبر تک لے گئی ہے۔

آئی سی سی کی اس درجہ بندی نے ایک بار پھر قومی ٹیم کی موجودہ فارم اور چیلنجز کو واضح کر دیا ہے، اور سلیکشن کمیٹی کے لیے یہ لمحۂ فکریہ ہے کہ مستقبل کے لیے نئی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!