آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹیسٹ کیریئر کی 300 وکٹیں مکمل کرلیں
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹیسٹ کیریئر کی 300 وکٹیں مکمل کرلیں
اوول: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 300 وکٹیں مکمل کرلیں۔
انہوں نے پہلی اننگز میں 28 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کئی اہم سنگ میل عبور کیے۔
کمنز نے یہ کارنامہ 13 ہزار 725 گیندوں میں مکمل کیا، جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے پانچویں تیز ترین بولر بن گئے ہیں، اس فہرست میں کیگیسو رباڈا پہلے، وقار یونس دوسرے، ڈیل اسٹین تیسرے اور ایلن ڈونلڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔
پیٹ کمنز نے یہ 300 وکٹیں اپنے 68 ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیں اور یوں وہ 10ویں تیز ترین بولر بن گئے جنہوں نے یہ سنگِ میل میچوں کے اعتبار سے عبور کیا۔
پیٹ کمنز نے بطور کپتان بھی اپنی بولنگ مہارت کا لوہا منوایا ہے، وہ اب تک 34 ٹیسٹ میچز کی کپتانی میں 136 وکٹیں لے چکے ہیں، جس کے بعد وہ ٹیسٹ تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کپتانوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں،
اس فہرست میں پاکستان کے عظیم کپتان عمران خان 187 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ آسٹریلیا کے رجی بینو 138 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی پیٹ کمنز کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ اب تک وہ 206 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
اس فہرست میں نیتھن لائن سرفہرست ہیں جب کہ روی چندرن ایشون، مچل اسٹارک، جسپریت بمراہ، کیگیسو رباڈا، اسٹورٹ براڈ اور رویندر جڈیجا بھی نمایاں پوزیشن پر موجود ہیں۔
پیٹ کمنز کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف آسٹریلیا کی پوزیشن کو مستحکم کیا بلکہ انہیں دنیائے کرکٹ کے عظیم بولرز کی صف میں بھی شامل کر دیا ہے۔