ابوبکر ,راشد نے بی او پی جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں دو دو ٹائٹل اپنے نام کر لیے
ابوبکر ,راشد نے بی او پی جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں دو دو ٹائٹل اپنے نام کر لیے
لاہور: ابوبکر طلحہ اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے راشد علی بچانی نے بینک آف پنجاب (بی او پی) جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو دو ٹائٹلز اپنے نام کیے۔
یہ ایونٹ باغ جناح لاہور میں واقع پنجاب ٹینس اکیڈمی میں اختتام پذیر ہوا۔
بوائز انڈر 18 سنگلز کے فائنل میں ابوبکر طلحہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے زوہیب افضل ملک کو 1-6، 3-6 سے شکست دی۔ بعد ازاں، انہوں نے زوہیب کے ساتھ مل کر بوائز انڈر 18 ڈبلز کا ٹائٹل بھی جیت لیا،
جہاں انہوں نے حاذق عاصم اور نبیل قیوم کو 1-6، 2-6 سے مات دی۔ دونوں کھلاڑی SA گروپ کے اسپانسرڈ تھے۔
راشد علی بچانی نے بوائز انڈر 14 اور انڈر 12 سنگلز ٹائٹلز جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے انڈر 14 فائنل میں محمد معاذ کو 4-1، 5-3 سے اور انڈر 12 فائنل میں 0-4، 0-4 سے شکست دی۔
بوائز انڈر 14 ڈبلز میں عبد الرحمن اور محمد جنید خان نے محمد ابراہیم گل اور زید زمان کو 4-1، 5-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ فاطمہ گروپ کے محمد معاذ نے بوائز/گرلز انڈر 12 ڈبلز میں محمد ایان کے ساتھ مل کر ارش عمران اور اذان عمران کو 0-4، 0-4 سے شکست دی۔
گرلز انڈر 14 کا ٹائٹل بسمال ضیاء (علی ایمبرائیڈری ملز) نے جیتا، جنہوں نے سنسنی خیز مقابلے میں ہاجرہ سہیل کو 4-2، 2-4، 5-3 سے ہرایا۔ گرلز انڈر 12 فائنل میں ایمن ریحان نے ایمان شہباز کو 4-2، 2-4، 4-2 سے شکست دی۔
بوائز/گرلز انڈر 10 کیٹیگری میں ارش عمران نے اشتر عالم خان کو 2-6 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی بینک آف پنجاب کے چیف انٹرنل آڈیٹر سید محمد ریحان اور سینئر مینیجر مارکیٹنگ زین علی بخاری تھے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور امریکی قونصل خانہ لاہور کی پبلک ڈپلومیسی آفیسر راکیل کنگ نکودیمس نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔
تقریب میں رشید ملک (SEVP PLTA)، سہیل ملک، کرنل (ر) عارف ملک، کرنل (ر) آصف در، نسیم احمد، اسحاق لون، نعمان اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں.