دیگر سپورٹس

کراچی ; ترکی کے قونصل جنرل جمال سانگو نے محکمہ کھیل کے یوتھ کلب گلستان جوہر کا دورہ کیا

کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل جمال سانگو کی جانب سے محکمہ سندھ کے یوتھ کلب گلستان جوہر کراچی میں شجر کاری مہم کا آغاز

کراچی : ترکی کے قومی خودمختاری اور بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کراچی میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔

ترکی کے قونصل جنرل جمال سانگو نے محکمہ کھیل کے یوتھ کلب گلستان جوہر کا دورہ کیا جہاں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل جمال سانگو نے سندھ یوتھ کلب کراچی میں 105 پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔

اس تقریب میں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری، پولیس حکام، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ، مراد سونی، حنیف خان، ڈسٹرکٹ اسپورٹ افسر اسماعیل شاہ، مختلف اسکولوں کے بچے اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس شجرکاری مہم کا مقصد پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا ہے۔

قونصل جنرل جمال سانگو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شجرکاری مہم ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کریں اور یقین دلایا کہ ترکی مستقبل میں بھی نوجوانوں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی تحفظ اور دیگر سماجی بہبود کے کاموں میں حصہ لیتا رہے گا تاکہ کراچی کے نوجوان ایک صحت مند اور سرسبز ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔

ترکی کے قونصل جنرل نے ماحولیاتی تحفظ کو ایک عالمی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سب کو اس میں اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سب مل کر اس شہر کو "گرین کراچی” بنائیں۔

سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے ترکی کے قونصل جنرل کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور بیدار ہوگا اور وہ اپنے شہر کو سرسبز بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

محکمہ کھیل سندھ کے ممبران، طلبہ اور دیگر مہمانوں نے بھی اس شجرکاری مہم میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا اور پودے لگانے کے عمل میں گہری دلچسپی دکھائی۔

سیکریٹری کھیل سندھ نے یوتھ کلب گلستان جوہر کا دورہ کرنے اور شجرکاری مہم شروع کرنے پر ترکی کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سمجھنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شجرکاری مہم کا مقصد شہر کراچی میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنا اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!