سی این ایس ہاکی: ماڑی انرجیز کی پی اے ایف پر شاندار فتح، کسٹمز اور نیوی کا مقابلہ 4-4 سے برابر

سی این ایس ہاکی: ماڑی انرجیز کی پی اے ایف پر شاندار فتح، کسٹمز اور نیوی کا مقابلہ 4-4 سے برابر
لاہور: نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری چوتھے چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 میں منگل کو شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے،
جہاں ماڑی انرجیز نے اپنے زبردست کھیل سے پی اے ایف کو 2-5 سے شکست دی جبکہ کسٹمز اور پاکستان نیوی کا مقابلہ 4-4 گول سے برابر رہا۔
دن کے پہلے میچ میں ماڑی انرجیز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پی اے ایف کو یکطرفہ انداز میں زیر کیا۔ ماری انرجیز کے فارورڈ احمد ندیم نمایاں رہے جنہوں نے دو شاندار گول اسکور کیے،
جبکہ وسیم اکرم، سفیان خان اور غنضفر علی نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ پی اے ایف کی جانب سے ظاہر حسین اور عبدل مانن نے ایک، ایک گول اسکور کیا، تاہم وہ ماڑی انرجیز کے مسلسل دباؤ کا مقابلہ نہ کر سکے۔
دن کا دوسرا میچ ٹورنامنٹ کے سب سے دلچسپ مقابلوں میں سے ایک ثابت ہوا، جس میں کسٹمز اور پاکستان نیوی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4-4 گول سے میچ کو برابر کر دیا۔
کسٹمز کے عماد نے دو گول کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی، جبکہ سمیل اللہ اور شہزاب نے بھی ایک، ایک گول اسکور کیا۔ دوسری جانب پاکستان نیوی نے بھی بھرپور جواب دیا اور رانا ولید، حنان شاہد، ذکریا اور بشارت نے ایک، ایک گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔



