سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا

سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا
سعودی عرب کی قومی فٹ بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔
یہ کامیابی ٹیم کے شاندار ورلڈ کپ سفر کا ساتواں اور مسلسل دوسرا باب ہے۔ عالمی مقابلے 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوں گے۔
فیصلہ کن معرکہ منگل کی شب جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی کے الانما اسٹیڈیم میں اردنی ریفری ادہم مخادمہ کی نگرانی میں کھیلا گیا۔
مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، مگر سعودی ٹیم کو برتری کے اصول کی بنیاد پر اگلے مرحلے کا اعزاز حاصل ہوا۔
پہلے ہاف میں صالح ابو الشامات اور فراس البريکان نے 20ویں اور 25ویں منٹ میں عمدہ کوششیں کیں، تاہم گول نہ ہو سکا۔
دوسرے ہاف میں البريکان، مصعب الجوير اور سالم الدوسري نے کئی مواقع پیدا کیے مگر قسمت نے یاوری نہ کی۔
میچ کے آخری لمحات میں حسان تمبكتي نے ایک یقینی عراقی گول روک کر ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ گول کیپر نواف العقيدی نے شاندار دفاع کرتے ہوئے اس کامیابی کو یقینی بنایا۔
یوں سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر اپنے حوصلے، نظم و ضبط اور ٹیم ورک سے دنیا کو متاثر کرتے ہوے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔



