ابوبکر طلحہ کے دو اعزاز، ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے ہیرو قرار

ابوبکر طلحہ کے دو اعزاز، ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے ہیرو قرار
لاہور — ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2025، جو پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایچیسن کالج مال روڈ لاہور میں منعقد ہوئی، شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔
ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ابوبکر طلحہ نے شاندار کامیابی حاصل کی اور انڈر 18 سنگلز اور ڈبلز دونوں ٹائٹل اپنے نام کیے۔ ابوبکر طلحہ، جو ایس اے گارڈنز کے اسپانسرڈ پلیئر اور ایف جی اسکول عابد مجید لاہور کینٹ کے طالب علم ہیں،
نے سنگلز فائنل میں احتشام حمیون کو 6-2، 6-0 سے شکست دی، جبکہ ڈبلز فائنل میں اپنے پارٹنر عامر مزاری کے ہمراہ احتشام حمیون اور ذوہیب افضل ملک کو 6-3، 7-5 سے ہرا کر فاتح قرار پائے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین، پرنسپل ایچیسن کالج لاہور تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور خاص طور پر ابوبکر طلحہ کی دوہری کامیابی کو قابلِ فخر قرار دیا۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں سجاد رسول (آئی ٹی ایف سرٹیفائیڈ کوچ و ریفری)، راشد ملک (ٹورنامنٹ ڈائریکٹر) اور فہیم صدیقی (کوآرڈینیٹر) نے نمایاں کردار ادا کیا۔
ایچیسن کالج کے انتظامیہ نے ایک بار پھر ملک میں ٹینس کے فروغ کے لیے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع ملا۔



