ٹٰینس

9ویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز

پنجاب کے کھیلوں کے وزیر کی افتتاحی تقریب میں 9ویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز

لاہور: پنجاب کے وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان فیصل ایوب کھوکھر نے نشترب پارک لاہور میں سپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی میں 9ویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2025 کا افتتاح کیا۔

یہ مقابلے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں راشد ملک (سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ پی ایل ٹی اے)، وقار نثار، آصف ریاض، کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور عزم کے ساتھ کھیل میں نام کمانے کی تلقین کی۔ انہوں نے ٹینس کے فروغ میں راشد ملک کی خدمات کو سراہا اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پانچ لاکھ روپے کے گرانٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف دینے کا آغاز کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی تربیت اور کارکردگی بہتر بنا سکیں۔ تقریب میں راشد ملک، سلمان ملک اور ملک انوش کھوکھر بھی موجود تھے۔

ٹورنامنٹ میں 19 کیٹیگریز کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں جن میں ملک کے نامور اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ابو بکر طلحہ نے ڈیوِس کپ پلیئر شہزاد خان کو شاندار مقابلے کے بعد 3-6، 6-4، 7-6 سے شکست دی۔ دیگر میچز میں مزمل مرتضیٰ نے ساقب حیات کو 7-5، 6-2، عقیل خان نے محمد حذیفہ خان کو 6-3، 6-4، محمد شعیب نے حسن کامران کو 6-2، 6-0 سے ہرا دیا۔

خواتین سنگلز میں فجر فیاض، ملیحہ خالد، لبیکا دراب اور حاجرہ سہیل نے اپنے اپنے حریفوں کو آسانی سے شکست دی۔ انڈر 12 اور انڈر 10 کیٹیگریز میں زینہ عبداللہ، ایمان ریحان، عامر طارق، ہادی علی رضوان، مامون باری اور والی حسن نمایاں رہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!