کرکٹ

جیمز اینڈرسن کو نائٹ ہڈ کا اعزاز دے دیا گیا

جیمز اینڈرسن کو نائٹ ہڈ کا اعزاز دے دیا گیا

انگلینڈ کے معروف فاسٹ باؤلر اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے جیمز اینڈرسن کو ونڈسر کیسل میں ایک تقریب کے دوران پرنسز این نے نائٹ ہڈ کا اعزاز عطا کیا۔

کرکٹ کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں 43 سالہ جیمز اینڈرسن james anderson کو اپریل میں سابق برطانوی وزیرِ اعظم رِشی سونک کی ریزائنیشن آنرز لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

جیمز اینڈرسن نے جولائی 2024 میں لارڈز میں اپنے 21 سالہ کیرئیر کا اختتام کیا تھا،اس دوران انہوں نے 188 ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 704 وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی فاسٹ باؤلر کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ اسپن باؤلنگ میں مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ شین وارن 708 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

جیمز اینڈرسن نے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی 269 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جو اب تک کسی برطانوی باؤلر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں حالانکہ انہوں نے 2015 کے بعد کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔

بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جیمز اینڈرسن لنکاشائر کی جانب سے کھیلتے رہے اور 2024 سیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی، ایک دہائی بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واپسی کی اور اپنی ٹیم کو فائنلز ڈے ایجبسٹن تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ انہیں مانچسٹر اوریجنلز کی ٹیم میں دی ہنڈرڈ کے لیے وائلڈ کارڈ کنٹریکٹ بھی ملا جبکہ وہ 2025 سیزن میں بھی کاؤنٹی کرکٹ جاری رکھنے کے حوالے سے بات چیت میں مصروف ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!