
پاکستانی بلیک پینتھر مارشل آرٹس ٹیم کی نیپال میں شاندار کامیابی
لاہور: پاکستان کی آل پاکستان بلیک پینتھر مارشل آرٹس ٹیم نے نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقدہ 11ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کر لی، جس پر ملک بھر میں کھیلوں کے حلقوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کھلاڑی جہانزیب عالم اور زرغام حیدر نے مختلف کیٹیگریز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے مقابلوں میں بہترین تکنیک اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث پاکستان نے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم نے مختلف مارشل آرٹس مقابلوں میں بہترین مہارت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد میڈلز اپنے نام کیے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا،
ٹیم کی وطن واپسی پر کھلاڑیوں اور کوچز کا پُرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ملک کی نمائندگی ان کے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے اور وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے،
ایشیائی سطح کے سخت مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا اور مشکل حالات کے باوجود بہترین کھیل پیش کیا۔
منتظمین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مارشل آرٹس جیسے کھیلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
دوسری جانب کھیلوں کے شائقین نے بھی قومی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔



