لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) پی سی بی نے مینیجنگ ڈائریکٹر کی آسامی کیلئے درخواستیں طلب کر لیں، اس حوالے سے جاری کئے جانے والے اشتہار میں امیدوار کیلئے ماسٹر ڈگری ہولڈر اور عمر 55 سال سے کم ہونے کی شرط عائد کی گئی ہے، ماضی میں کرکٹ کا تجربہ ہونا ایک اضافی خوبی شمار ہوگی تاہم اس کو لازمی قرار نہیں دیا گیا، مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کیلئے وضع کی جانے والی حکمت عملی پر عملدرآمد کرانے کا پابند ہوگا، گورننگ باڈی کی طرف سے بنائی جانے والی کمیٹیز کی کارکردگی بھی مانیٹر کریگا، ریجنل اور ضلع کی سطح پر کرکٹ امور اور پی سی بی کے انتظامی امور بھی اس کی نگرانی میں ہوں گے، اندرون اور بیرون ملک انٹرنیشنل میچز اور پی ایس ایل کے انعقاد کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات بھی مینیجنگ ڈائریکٹر کے تحت ہوں گے، آئی سی سی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے سرگرمیاں بھی اس کی نگرانی میں ہونگی، اعلی اختیارات کا حامل یہ عہدہ متعارف کرائے جانے کا مقصد چیئرمین پی سی بی پر انتظامی امور کا بوجھ کم کرنا ہے۔