کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) کل 2دسمبرکو100سے زائد تیز رفتار ترین سائیکلسٹ دھواں دار و معرکعة لآرا مقابلے کے لئے انتہائی ہائی پروفائل اور سنسنی خیز ’’گریٹ ایس پی طاہر داوڑ شہید اینٹی ٹیررازم و اینٹی نارکوٹکس سائیکل ریس ‘‘میں بھرپور تیاریوں کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔ کراچی کے لاکھوں شہری عرصہ 24سال بعد براہ راست سائیکلسٹوں کو ایکشن میں دیکھیں گے ۔پاکستان ایڈونچر سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر عرفان حنیف اور چیف آر گنائزر و کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی اس سائیکل ریس کو فیدڑیشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کنزیومر و منارٹی ونگ کے چیئرمین آتم پرکاش فلیگ آف کرکے مزار قائد سے ریس کا افتتا ح کرینگے۔سائیکلسٹ مزار قائد سے روانہ ہوکر کراچی کے 6اضلاح کا 100کلومیٹر طویل فاصلہ طے کریں گے اور سی ویو د و دریا پہنچ کر ریس کا اختتام کریں گے۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔ موٹر سائیکل سوار سارجنٹس ، کمانڈوز،موبائلز کور اور رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان و افسران سائیکل ریس کو حصار میں لے کر چلیں گے۔ ریس کے اختتام پر ابتدائی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں ہزاروں روپے کے نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں اور خصوصی سرٹیفکٹ تقیسم کئے جائیں گے۔