اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)ونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کی جنرل کونسل کا اجلاس ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منقد ہوا جس میںائیر مارشل عاصم ظہیر،وائس چیف آف ائیر سٹاف کو متفقہ طور پرونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کا صدر منتخب کر لیا گیا۔اس اجلاس میں تمام سکی ایسوسی ایشنز اور ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں کے علاوہ ونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے تمام عہدیداران اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل عاصم ظہیر ،صدرونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے برفانی علاقوں میںمختلف مقامات تلاش کئے جائیں جہاںچھوٹی لفٹیں نصب کی جا سکیںاور ان علاقوں کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ انہوںنے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ ونٹر اسپورٹس کو پاکستان میں مقبول بنانے کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے میںبھر پور محنت کریں۔جنرل کونسل نے 2019ء کے سکی سیزن پرتفصیلی گفتگو کی۔ قبل ازیں، ائیر کموڈور شاہد ندیم،سیکرٹری جنرل، ونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے ہائوس کو سکی کے بین الاقوامی مقابلوں کو کامیاب بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ہندوکش ونٹرسپورٹس کلب، سوات ونٹراسپورٹس کلب اور آزاد جموں وکشمیر سکی ایسوسی ایشن نے بھی اپنے علاقوں میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں کے بارے میں بریفنگ دی۔