پاکستان شاہینز کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں لگاتار تیسری کامیابی ; میلبرن اسٹارز کو 43 رنز سے ہرادیا

 

پاکستان شاہینز کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں لگاتار تیسری کامیابی۔ میلبرن اسٹارز کو 43 رنز سے ہرادیا، شاویز عرفان کی نصف سنچری

 

پاکستان شاہینز نے اپنی عمدہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میلبران اسٹارز کو 43 رنز سے شکست دیدی۔

اس میچ کی خاص بات اوپنر شاویز عرفان کی نصف سنچری تھی۔

 

چھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان شاہینز کی لگاتار تیسری کامیابی ہے ۔ اس سے قبل وہ اے سی ٹی کامیٹس کو9 وکٹوں سے اور میلبرن رینی گیڈز کو 8 رنز سے شکست دے چکی ہے جبکہ این ٹی اسٹرائیک کے خلاف اسے59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔

جواب میں میلبرن اسٹارز کی ٹیم 17 اعشاریہ ایک اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بناسکی۔اس کے دو بیٹرز انجرڈ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کرنے کی پوزیشن میں نہ تھے۔

شامل حسین اور شاویز عرفان نے اعتماد سے اننگز کا آغاز کیا اور صرف پانچ اوورز میں60 رنز کی شراکت قائم کرڈالی۔

پاکستان شاہینز کے 100 رنز11 ویں اوور میں مکمل ہوئے۔

 

شامل حسین 16گیندوں پر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔

شاویزعرفان نے اپنی نصف سنچری 32 گیندوں پر مکمل کی ۔انہوں نے5 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے65 رنز کی اہم اننگز کھیلی ۔

ان کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان شاہینز کی تین وکٹیں اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے پر گرگئیں جن میں کپتان روحیل نذیر 16 اور عرفات منہاس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

وہاج ریاض کے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز ناٹ آؤٹ اور احمد خان کے ایک چھکے کی مدد سے19 رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز 169 تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکی۔

ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 44 رنز کا اضافہ کیا۔

میلبرن اسٹارز کی طرف سے رائلے مارک اور ارجن نائر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میلبرن اسٹارز کی اننگز میں ٹام راجرز اور ہیری ڈکسن نے 45 رنز کا اچھا اسٹارٹ دیا ۔ ڈکسن 14گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی
مدد سے 32رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

 

راجرز کو13 رنز پر فیصل اکرم نے آؤٹ کردیا۔ ہریش کانن 11 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو میلبرن اسٹارز کا اسکور 3 وکٹوں پر71 رنز تھا۔
پاکستان شاہینز نے میچ پر گرفت اسوقت دوبارہ مضبوط کرلی جب 12 رنز کے اضافے پر عالیان محمود ۔ فیصل اکرم اور عرفات منہاس میلبرن اسٹارز کی تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جن میں31 رنز بنانے والے ارجن نائر کی وکٹ بھی شامل تھی۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے فیصل اکرم نے 24 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز اپنا پانچواں اور آخری میچ جمعہ کے روز پاپوا نیوگنی خلاف کھیلے گی۔

 

مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز۔ 169 رنز6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز) ۔شاویز عرفان 65 ۔ وہاج ریاض 28 ناٹ آؤٹ ۔شامل حسین 25۔ رائلے مارک 23/ 2 وکٹ ۔ارجن نائر28 / 2 وکٹ ۔
میلبرن اسٹارز 126 رنز8 کھلاڑی آؤٹ ( 17 اعشاریہ ایک اوورز ) ہیری ڈکسن 32۔ ارجن نائر31۔ فیصل ا کرم 24/ 2 وکٹ۔
( میلبرن اسٹارز کے دو بیٹرز انجرڈ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کرنے کی پوزیشن میں نہ تھے ) ۔

 

 

error: Content is protected !!