کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)یمرجنگ ایشیا کپ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے دی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے دیئے گئے 310 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے کیا لیکن دونوں کھلاڑی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور پاکستان کی پہلی وکٹ 14 رنز پر گری۔گرین شرٹس کے علی عمران 3 رنز بناکر نعیم حسن کا شکار بنے جس کے بعد مجموعی اسکور میں 9 رنز کے اضافے کے بعد دوسری وکٹ گری اور سعود شکیل 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان محمد رضوان اور ذیشان ملک نے 88 رنز بناکر ٹیم کو سہارا دیا لیکن 111 کے مجموعی اسکور پر ذیشان ملک 47 رنز بناکر شرف اسلام کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹیم کے کپتان محمد رضوان تھے جو کہ 46 رنز بناکر مصدق حسین کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ سعد علی، حسین طلعت 10، 10 اور عاشق علی 3 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ سلمان شفقت اور خوشدل شاہ نے آٹھویں وکٹ پر 54 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی جو کہ کارگر ثابت نہ ہوئی اور سلمان شفقت 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کیخلاف جارحانہ اننگز کھیلنے والے خوشدل شاہ بھی 61 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے جب کہ آخری وکٹ غلام مدثر کی گری جو کہ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 225 رنز پر آؤٹ ہوئی اور اسے 84 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Clinical with the bat and ball!
Bangladesh make it 2 wins out of 3 to qualify for the semi-finals of the #ETAC2018 along with Pakistan! #BANvPAK pic.twitter.com/DWicyYLtZG— AsianCricketCouncil (@ACCMedia1) December 9, 2018
گرین شرٹس کی جانب سے خوشدل شاہ 61، ذیشان ملک 47 اور کپتان محمد رضوان 46 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے نعیم شاہ نے 3، محمد شفیع اسلام اور مصدق حسین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بنگلہ ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز میزان الرحمان اور ذاکر حسین نے کیا لیکن 48 کے مجموعی اسکور پر میزان الرحمان پاکستان کے خوشدل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں ذاکر حسین اور ناظم الشانتو نے 98 رنز بنائے اور ذاکر حسین 69 رنز بناکر موسیٰ خان کا شکار بنے، ناظم الشانتو بھی ایک رنز کی کمی سے ففٹی اسکور نہ کرسکے اور انہیں بھی موسیٰ خان نے آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ عفیف حسین کی گری جو 6 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جب کہ پانچویں وکٹ کی شراکت میں مصدق حسین اور یاسر علی چوہدری نے 126 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔بنگال ٹائیگرز کی پانچویں وکٹ یاسر علی چوہدری کی گری جو 50 رنز بناکر خوشدل شاہ کا شکار بنے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے، بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مصدق حسین 85، ذاکر حسن 69، یاسر چوہدری 56 اور ناظم الشانتو 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے خوش دل شاہ نے 3 اور موسی خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔