لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیر صدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں زیرتعمیر سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میںڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈویژنل سپورٹس آفیسران رانا ندیم انجم، ملک وقار، منظر فرید شاہ، اکبر مراد سمیت صوبہ بھر کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز محکمہ بلڈنگ نے شرکت کی،اجلاس میںسالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19کے تحت جاری اور حال ہی میں مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا،محکمہ بلڈنگ کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے اپنے اپنے علاقوں میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوںپر بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ زیرتعمیر ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں ہی مکمل کرنے کے لئے ہنگامی اقدمات کئے جائیں اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا ایک بار پھر جائزہ لیا جائے اور جو خامیاں رہ گئی ہیں ان کو دور کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کو عوام کے لئے جلدازجلد کھولا جائے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے ہدایت کی جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔