جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا کے دورہ کے لیے جوہانسبرگ میں موجود قومی کھلاڑی فٹنس مسائل سے چھٹکارا نہ پاسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپننگ بلے باز فخر زمان، فاسٹ بولر محمد عباس اور اسپنر شاداب خان تاحال فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ذرائع کے مطابق فخر زمان گھٹنے، محمد عباس کندھے اور شاداب گروئن انجری سے مکمل طور پر چھٹکارا نہیں پاسکے۔ذرائع کے مطابق شاداب خان اور محمد وسیم کل سے شروع ہونے والا تین روزہ پریکٹس میچ نہیں کھیل سکیں گے جب کہ اوپنر فخر زمان کی بھی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔قومی ٹیم کل سے ساؤتھ افریقن انویٹیشن الیون کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے لیے کھلاڑی بینونی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ دورہ جنوبی افریقا کے دوران پاکستان کو پروٹیز کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے۔