پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا گانا اس بار بھی پاکستان کے معروف اور باصلاحیت سپراسٹارعلی ظفر کی آواز میں ریکارڈ کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے پہلے دو گانے گا کر علی ظفر عوام کا دل تو جیت ہی چکے ہیں لیکن اب تیسری بار پھر ایک نئے گیت کے ساتھ وہ میدان میں واپس آرہے ہیں۔
علی ظفرکرکٹ اور موسیقی دونوں کو بے حد پسند کرتے ہیں اور تب ہی انہوں نے پچھلے دو سالوں میں ہونے والے پی ایس ایل کے گانے بھی گائے ہیں اور اب تیسری بار بھی یہ فرائض وہ ہی سر انجام دیں گے۔
پی ایس ایل پہلا گانا ’اب کھیل کے دیکھا‘کے عنوان پر مبنی تھا جبکہ دوسرے گانے کا ٹائٹل ’اب کھیل جمے گا‘ تھا۔ ان گانوں کو سوشل میڈیا پر بہت پذیرائی حاصل ہوئی اور صرف یوٹیوب پر 60 لاکھ لوگ ان گانوں کو سن چکے ہیں۔
علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری عوام کے دل جن دو چیزوں سے دھڑکتے ہیں ان میں موسیقی اور کرکٹ شامل ہے۔ اور میں بہت خوش قسمت ہوں کہ یہ دو چیزیں میری زندگی کا حصہ ہیں۔ ‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’وہ بہت پر جوش ہیں کہ تیسری بار بھی پی ایس ایل کاگانا لکھ رہے ہیں اور گائیں گے بھی۔ اس سے پہلے والے گانوں نے تباہی مچا دی تھی اور اس لیے اب کی بار گانا لکھنے میں تھوری مشکل پیش آرہی ہے۔‘
علی ظفر نے مزید کہا کہ پچھلے سال پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں ہونے کی عوام کو اتنی خوشی تھی کہ ہر گاڑی، گلی، گھر سے پی ایس ایل کے گانے کی آوازیں آرہی ہوتی تھیں۔ پاکستان میں پی ایس ایل ہونے کا خواب پورا ہوگیا اس بات کی بے حد خوشی ہے اور آئندہ آنے والے سالوں میں اسے اور آگے لے کے جائیں گے۔