کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اے ایف سی انڈر19چیمپئن شپ 2020کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کیلئے پاکستان بھی ان 46ممالک میں شامل ہے جسے عراق میں کھیلے جانے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کویت، فلسطین، میزبان عراق اور اومان کے ہمراہ گروپ ’اے‘ میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 2نومبر کو کویت، دوسرا میچ 4نومبر کو فلسطین، تیسرا میچ 6نومبر کو میزبان عراق جبکہ چوتھا اور آخری میچ اومان کے ساتھ 8نومبر کو کھیلے گا۔ تمام میچز عراق کے انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم، کربلا پر کھیلے جائیں گے۔کرنل (ر) مجاہد اﷲترین ، سیکرٹری جنرل ، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فائنل ٹرائیلزکیلئے پنجاب کے ڈسٹرکٹ لیہ اسپورٹس کمپلیکس کا انتخاب کیا ہے۔ کراچی سینٹرکے دوروزہ ٹرائیلز نیا ناظم آباد فٹبال اسٹیڈیم پر 30ستمبر اور یکم اکتوبر کو سید ناصر اسمٰعیل ہیڈ کوچ ، پاکستان انڈر19فٹبال ٹیم کی زیرنگرانی منعقد کئے گئے جبکہ معاونین کوچز میں جاوید احمد، محمد آصف، محمد طارق، محمد شہزاد،ارشد جمال، محسن خان جبکہ ایڈمنسٹریشن میں محمد شمیم، حمیداﷲ خان، عبدالکریم اور خورشید علی شاہ نے معاونت کی۔دوروزہ اوپن ٹرائیلز میں 300سے زائداندرون سندھ اور کراچی کے نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
سید ناصر اسمٰیل نے جن 20بچوں کے ناموں کی فائنل راؤنڈ کیلئے منظوری دی ۔ ان میں گول کیپرزیشان علی، زبیر احمد، فصیح، ڈیفنڈرز سمیر سلیم، شبیر اﷲ، منیر خان، محمد شوبیل، شبیر جان،سراج جاوید، مڈ فیلڈر،زہیب عمر، صالح سلیم، گل شیر خان،اسٹرائیکرز زبیر احمد، دلاور شاہشہباز ولی، محمد وقاص، ذیشان سعید، عاقب علی،محمد بلال اور مزمل شامل ہیں۔منتخب کھلاڑی 4تا6اکتوبرڈسٹرکٹ لیہ میںہونے والے فائنل ٹرائیلز میں حصہ لیں گے۔