باکو(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور آذربائیجان کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا، اس سے دونوں ممالک کے مابین تعاون، کھیلوں کی ٹیموں کا تبادلہ اور دو برادر ممالک کے مابین مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں کا موقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور آذربائیجان کے وزیر کھیل اور نوجوانوں کے امور آزاد رحیموف نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
کھیلوں کے فروغ کے لئے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے اس تقریب کا اہتمام کرنے پر وزارت یوتھ اینڈ اسپورٹس کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل سماجی تبدیلی کا ایک موثر ایجنٹ ہوسکتا ہے
آج اسپورٹس ڈپلومیسی قوموں کے مابین دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی کوششوں کا لازمی جزو بن چکی ہے۔ اسپورٹس ڈپلومیسی کھیلوں کے لئے لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لئے استعمال کرتی ہے، دونوں ممالک نے علاقائی تنازعات کی ایک لمبی تاریخ دیکھی ہے۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے 2017 میں اسلامی کھیلوں کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کرکٹ، ہاکی، اسکواش، سنوکر اور کچھ علاقائی کھیلوں جیسے کبڈی میں پاکستان کی عالمی سطح پر شراکت کی نشاندہی کی اور روایتی کھیلوں کے میدان میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا کیونکہ دونوں ممالک اس قسم کے کھیلوں میں متحرک ثقافت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اسپورٹس ڈپلومیسی کے موضوع پر ایک کانفرنس کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔ آذربائیجان کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان نے اسپورٹس اکیڈمیوں، کھیلوں کے انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اسکیموں میں مہارت کے تبادلہ ، کھیلوں کے ماہرین کا تبادلہ اور ریفری ، کوچ اور تکنیکی عہدیداروں کی تربیت جیسے شعبوں میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔