لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ موسیٰ خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے 19سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو طویل دورانیے کی کرکٹ میں آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی 2 نوجوان کھلاڑیوں کی انٹری ہوئی ہے۔ لیگ اسپنر عثمان قادر اور مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ بابر اعظم کی قیادت میں 21 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوں گے۔طویل اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے والے موسیٰ خان نے گذشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے 2 میچوں میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ بولر 7 فرسٹ کلاس میچوں میں17 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔قائداعظم ٹرافی 20-2019 ء کے چار میچوں میں موسیٰ خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں, 8 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کرنے والے موسیٰ خان کو رواں سال ایل پی ایس ایل کے 7 میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کے علاوہ 19سالہ فاسٹ بولر نےفیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے ایک میچ میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔نوجوان فاسٹ بولر موسیٰ خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے پر وہ بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، کرکٹ میں ایک بڑا نام ہے اور ان کے ذہن میں اسٹیو سمتھ یا ڈیوڈ وارنر نہیں بلکہ اپنی تیز رفتار بولنگ کا جنون سوار ہے۔145 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والےنوجوان فاسٹ بولر کا ماننا ہے کہ تیز رفتار بولنگ ان کی خوبی ہے۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل دوسرے تیز ترین بولر نسیم شاہ ہیں۔ 19سالہ نوجوان کرکٹر نسیم شاہ درجہ بدرجہ مختلف ایج گروپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد اعلیٰ ترین اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔ قومی انڈر۔19، انڈر۔61، ایمرجنگ اور پھر ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے باؤنسرز سے حریف ٹیموں کو خوف کا شکار کرنے والے نسیم شاہ کو دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی پیپسی اسٹارز انڈر۔19 ایک روزہ ٹورنامنٹ کی دریافت نسیم شاہ نے 13 سال کی عمر میں ایونٹ میں شرکت کی، اپنے پہلے ہی میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے نسیم شاہ ہر سطح کی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں، نسیم شاہ نے قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے گذشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے 3 میچوں میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
محض 5 فرسٹ کلاس میچوں میں 17وکٹیں حاصل کرنے والےنسیم شاہ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین بولنگ ایک اننگز میں 59 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کوآؤٹ کرنا ہے، انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں 3 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نسیم شاہ اور موسیٰ خان کی دورہ آسٹریلیا میں شمولیت کوجرات مندانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ میں شمولیت ان کے خوابوں کی تعبیر ہے، انہوں نے کہا کہ ہر پروفیشنل کرکٹر ساری زندگی یہ دن دیکھنے کے لیے محنت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نےہمیشہ انہیں اپنی اسٹرینتھ پر بولنگ کرنے کی ہدایت کی، دورہ آسٹریلیا میں بھی وہ اسی نسخے پر عمل کریں گے۔
نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کی ویڈیوز دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ رفتار کے ساتھ سوئنگ پر عبور رکھتے ہیں، طویل فارمیٹ میں آسٹریلیا کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں ٹف ٹائم دیں گے۔
اسپن ڈپارٹمنٹ کی مضبوطی کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ایک نیا اضافہ کیا گیا ہے۔ مرحوم لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے21 سالہ اسپنر عثمان قادر کو قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے عثمان قادر آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اسپنر عثمان قادر 7 سے بھی کم اکانومی ریٹ کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
عثمان قادر کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت پر بہت خوش ہیں۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کرنے والے عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انہیں آسٹریلوی کنڈیشنز اور پچز کا اندازہ ہے، وہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔لیگ اسپنر نے کہا کہ گگلی ان کے والد کی ایجاد ہے اور وہ اس فن کو آگے لے کر جائیں گے۔عثمان قادر نے کہا کہ انہوں نےاپنے والد سے جوکچھ سیکھا اب وہ سب ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔بنوں سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ بلے باز خوشدل شاہ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے 160 سے زائد اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 93 رنز بناچکے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں چھکوں کی برسات کرنے والے خوشدل شاہ اپنے لسٹ اے کیرئیر میں 82 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 29 چھکے جڑچکے ہیں، وہ لسٹ اے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بالترتیب 151 اور 43 چوکے بھی لگاچکے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل جارحانہ مزاج بلے باز خوشدل شاہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے 33 میچوں میں 5 نصف سنچریوں کی مدد سے630 رنز بنا چکے ہیں، مڈل آرڈر بلے بازکا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور 65 رنز ہے۔بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ کا کہنا ہےکہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔خوشدل شاہ کا کہنا ہےکہ جارحانہ بلے بازی ان کا قدرتی کھیل ہے اور وہ اسی سوچ کے ساتھ آسٹریلوی میدانوں میں اتریں گے۔مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں محمد رضوان، افتخار احمد اور فخر زمان کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینئرز کی بھرپور رہنمائی کے ساتھ وہ ڈومیسٹک کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا عزم لیے سڈنی روانہ ہوں گے۔