لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ 4 سال بعد نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کھڑے ہیں،پنجاب میں سپورٹس کی تمام سہولیات پاکستان ہاکی فیڈیشن کو فراہم کررہے ہیں،گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی سامنے لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 36ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ اولمپیئن انجم سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی ودیگر بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کررہے ہیں
پنجاب میں اس وقت سپورٹس کی 315 سہولیات میسر ہیں جبکہ رواں مالی سال میں مزید 200 منصوبے مکمل ہو جائیں گے، اس طرح پانچ سو سے زائد سپورٹس سہولیات میسر ہو جائیں گی جس سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا اور وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس انفراسٹرکچر تحصیل سطح پر لارہے ہیں تاکہ پسماندہ علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع مل سکے
گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں، سپورٹس سکول کا پی سی ون بھی تیار ہوچکا ہے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مبارکباد دیتا ہوں، یہ ان کی بہت اچھی کاوش ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ہاکی فیڈریشن مل کر ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کرتے رہیں گے
سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی ہاکی کے فروغ کے لئے منصوبے بنائے ہیں جن پر عملدرآمد سے انشاء اللہ بہت جلد پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے گا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔کھلاڑیوں نے ان کیساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔