کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنالیے، سری لنکن ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے اُسے مزید 23 رنز کی ضرورت ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے کسی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔اس سے پہلے سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی یوں اُس سے پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 191 پر 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم نے 64 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔ پاکستان کو جلد ہی پہلی کامیابی لاستھ ایمبولدینیا کی وکٹ کی صورت میں ملی، اُنہیں محمد عباس نے 13 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔صرف دو رنز کے اضافے پر اینجلو میتھیوز بھی پویلین لوٹ گئے، وہ 13 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔چھٹے وکٹ کی شراکت میں چندیمل اور دھننجایا ڈی سلوا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 147 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر ڈی سلوا 32 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔
نئے آنے والے بیٹسمین نیروشان ڈکویلا کو محمد عباس نے 21 رنز پر کلین بولڈ کیا، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 184 رنز تھا۔چدیمل اور دلرووان پریرا نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، چندیمل 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر حارث سہیل کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیھٹے۔دلرووان پریرا نے 48 اور لاہیرو کمارا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ وشوا فرنینڈو پانچ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے کسی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ، محمد عباس نے چار اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل، لیگ اسپنر یاسر شاہ کوئی وکٹ نہ لے سکے۔دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنائے تھے، عابد علی 32 اور شان مسعود 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔