لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ پنجاب کے گرائونڈز آباد کرنے کے لئے گراس روٹ لیول پر سپورٹس کو منظم کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کرکٹ گرائونڈ نواں شہر میں ملتان سٹی کرکٹ ٹیم انڈر16اور پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی پاک شمع کرکٹ ٹیم دوحا قطر کے درمیان نمائشی میچ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ میچ کے مہمان خصوصی تھے، ملتان کرکٹ گرائونڈ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کرکٹ میچ کا انعقاد احسن اقدام ہے جس سے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں سامنے آئیں گی سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کو فروغ دینے اور کھلاڑی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، ہر ماہ کھیلوں کے ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں جس میں کھلاڑی بھرپور شرکت کررہے ہیں، صوبہ بھر میں کھلاڑیوں کو جدید سولتیں فراہم کی جارہی ہیں، قطر کی ٹیم کی آمد خوش آئند ہے جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔
ڈسڑکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیراہتمام ملتان کے دورہ پر آئی ہوئی پاک شمع کرکٹ ٹیم دوحا قطر اور ملتان سٹی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے مابین نمائشی میچ ملتان کرکٹ گراونڈ نواں شہر میں کھیلا گیاجوکہ ملتان سٹی کی انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 32رنز سے جیت لیا.ملتان سٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 222رنز بنائے، عرفات منہاس نے 65، عذیر ممتاز نے 35 ، عدیب یاسین نے 31رنز بنائے، پاک شمع دوحا قطر کی طرف سے حسین محمد نے 2 اور مالک نے 1وکٹ حاصل کی، پاک شمع دوحا قطر کی ٹیم 190رنز بنا سکی، حسین محمد نے شاندار 60 رنز، اکمل میر نے 50 ، بسم اللہ خان نے 22 رنز بنائے، ملتان سٹی کرکٹ ٹیم کی طرف سے بلال خان نے 3 ، سکندر خان، محمد بلال نے 2،2 وکٹ حاصل کی، پاک شمع کرکٹ ٹیم کے حسین محمد بہترین بلے باز، عزیر ممتازبہترین آل رائونڈر قرار پائے، .میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ اور مشیر صحت وزیراعلیٰ پنجاب حنیف پتافی نے ڈیرہ غازی خان میں چیف منسٹر کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں میں کٹس اور جوگرز تقسیم کئے۔