لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان انڈر۔ 19 کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی انڈر۔ 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کر دیا، جنوبی افریقا روانگی سے قبل ٹیم کوچز، کپتان اور کھلاڑیوں نے جیت کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان انڈر۔19 کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا روانگی کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھی ہوئی۔ نوجوان کرکٹرز کے چہروں پر مسکراہٹیں تھیں۔کرکٹرز کو ان کے ساتھی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے گلے لگایا اور اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے تھپکی دی
اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے نیک خواہشات کے ساتھ ٹیم کو رخصت کیا۔کپتان اور کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں میچ ٹو میچ جائیں گے اور اچھا کھیلیں گے۔کوچز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے، امید ہے ورلڈ کپ میں مایوس نہیں کریں گے۔گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیرکا کہنا تھا کہ تیاری بھرپور کی ہے
کھلاڑی بھی پر اعتماد ہیں، ورلڈ کپ میں مایوس نہیں کریں گے ،اچھی کارکردگی کے لیے پُراُمید ہیں۔روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈم میں 30 روزہ کیمپ کے دوران ہم نے اچھی تیاری کی ہے، ٹریننگ کے دوران ہم نے جنوبی افریقا کے کنڈیشن کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی ہے۔آئی سی سی انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقا میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کے افتتاحی میچ میزبان جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔گروپ سی میں شامل پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔