کراچی(اسپورٹس رپورٹر) وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سجاس نے گزشتہ چار برس کے دوران اپنے ممبران اور اسپورٹس برادری کی جس طرح خدمت کی ہے اسے دیکھ کر میرے اندر بھی سجاس کا ممبر بننے کی خواہش بیدار ہوگئی ہے۔ ینگ اسپورٹس رپورٹنگ ٹریننگ ورکشاپ کے دوران سجاس نے غیر ملکی صحافیوں کو کراچی مدعو کر کے درحقیقت ان کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا پرامن امیج اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ(سجاس) کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لینے اور سجاس کے ممبران میں اے آئی پی ایس ممبر شب کارڈ کی تقسیم کے کے موقع پر کیا۔
تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان آصف عظیم،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، فنانس سیکریٹری اصغر بلوچ، سرسید انجیئرننگ یونیورسٹی شعبہ اسپورٹس کے سربراہ انٹرنیشنل ہاکی پیلئر مبشر مختار، ٹین پن باولنگ فیڈریشن کے نائب صدر خواجہ احمد مستقیم، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق سیکریٹری خالد رحمانی،کے سی سی اے کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ایم سی ندیم خان، کے سی سی اے کے سابق عہدیدار ڈاکٹر عارف حفیظ، پاکستان انسٹیوٹ آف ہاکی کے صدر ذاہد شہاب، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید نصراقبال, بلوچستان سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد شاہ دوتانی,سیکرٹری محمد اخلاص، مشاورتی کونسل کے چیئرمین: عطاء اللہ درانی،رابطہ سیکرٹری روف بلوچ اور آفس سیکرٹری ظفراقبال سمیت سینئر جرنلسٹس رشاد محمود،راشد عزیز اور عتیق الرحمان سمیت سجاس کے ممبران اور مجلس عاملہ نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں مرتضی وہاب کا مزید کہناتھا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں حکومت سندھ کا کردار اہم ہے، پی ایس ایل فور کی طرح عوام کے تعاون سے کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائیو کے میچز اور بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ اور ونڈے میچ کو بھی کامیاب کرائیں گے۔ سجاس کے لیئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں۔ ٘پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت ہر اچھے کام کے لیئے سجاس کے ساتھ ہے، تقریب سے سجاس کے صدر آصف خان اور سیکریٹری اصغر عظیم نے بھی اظہار خیال کیا۔تقریب کے اختتام پر مرتضی وہاب نے سجاس کے ممبران میں ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل پریس آف اسپورٹس (AIPS) ممبر شپ کارڈ تقسیم کیئے۔