بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آج شب آمد،پاکستان کو اپنی ٹی ٹوئنٹی کی پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے یمجصدآج شب لاہور پہنچے گی ،ہوم سائیڈ کیلئے یہ سیریز اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ اس کی ٹاپ ٹی ٹوئنٹی پوزیشن کو خطرہ لاحق ہے جس سے بچاو کیلئے اسے تینوں میچوں میں لازمی کامیابی حاصل کرنا ہوگی کیونکہ ایک شکست بھی آسٹریلیا کو نمبر ون پوزیشن پر فائز کر دے گی جو گرین شرٹس سے محض ایک پوائنٹ پیچھے ہے ، مہمان ٹیم کی خصوصی فلائٹ دس بجے شب علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی،کرکٹرز کوسخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا جائے گا

کل پہلا پریکٹس سیشن اور ٹرافی کی رونمائی بھی شیڈول ہے جبکہ سیریز کا پہلا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ان کی ٹیم خصوصی فلائٹ سے آج دس بجے شب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔مہمان کرکٹرز کو سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل منتقل کیا جائے گا جو کل قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی موجودگی میں دوپہر ایک بجے پہلا پریکٹس سیشن کریں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی پریس کانفرنس اور ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی بھی شیڈول ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو دوپہر دو بجے شروع ہوگا کیونکہ تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ نہیں رکھے گئے ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم دوسرا میچ 25 اور تیسرا میچ 27 جنوری کو کھیلنے کے بعد 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہو جائے گی کیونکہ بی سی بی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے تحت پاکستان میں ایک ہفتے سے زائد قیام سے گریز کرتے ہوئے دورے کو تین حصوں میں تقسیم کرکے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔معاہدے کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم فروری کے دوسرے ہفتے میں ایک بار پھر پاکستان پہنچ کر راولپنڈی میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ کھیلے گی جبکہ اسے کراچی میں واحد ون ڈے اور دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کی غرض سے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا اختتام ہونے کے بعد اپریل میں ایک بار پھر پاکستان آنا ہوگا۔دونوں ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اب تک کھیلے جانے والے دس میں سے آٹھ میچوں میں فتح کی دیوی پاکستان پر مہربان رہی جس کی جیت کا تناسب 80 فیصد ہے لیکن جمعے سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز اس اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے کہ270 پوائنٹس کی مالک پاکستانی ٹیم کو مختصر فارمیٹ میں اپنی سرفہرست پوزیشن کو بچانے کا سخت چیلنج درپیش ہے جسے آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلین ٹیم پر محض ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے ۔

متواتر دو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم نے اگرچہ بڑے فرق کی وجہ سے اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی لیکن بنگلہ دیش کیخلاف اسے تینوں میچوں میں لازمی فتح حاصل کرنی ہوگی اور ایک ناکامی بھی آسٹریلیا کو سرفہرست پوزیشن پر فائز کر سکتی ہے جبکہ 262 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود جنوبی افریقی ٹیم سے بھی اس کا فاصلہ کم ہو سکتا ہے ۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف سیریز اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف اپنی اولین سیریز میں مات کھا چکے ہیں البتہ اس بار انہیں اپنے میدانوں پر ٹاپ پوزیشن کا دفاع کرنا ہے اور امید ہے کہ وہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں کے امتزاج سے سجے اسکواڈ کی بدولت وہ کامیابی کو ممکن بنا لیں گے ۔

error: Content is protected !!