اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان کبڈی فیڈریشن نے عالمی کپ کے لئے 20 رکنی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے بتایاکہ 20 رکنی قومی ٹیم میں محمد عرفان، شفیق احمد، بن یامین، توصیف لیاقت، قمر زمان، ظفر اقبال، ارسلان محمود، نفیس شاہد، مشرف جنجوعہ، کلیم اللہ، اکمل شہزاد، محمد سجاد، بلال محسن، وقاص احمدبٹ، ساجد ناصر، عبداللہ، شہرام ساجد حسین، راشد محمود، محمد ذوالقرنین اور اشتیاق رحمان(ہیرا بٹ) شامل ہیں۔
محمدرزاق چف دی مشن ہونگے اور عامر محمود کو ٹیم منیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ طاہر وحید جٹ ہیڈ کوچ، فریاد علی کوچ اور شہزاد حنیف اسسٹنٹ کوچ ہونگے، عالمی کبڈی کپ (کل) اتوار سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کبڈی کپ کی تیاریاں زور شور پر ہیں اور ایونٹ کے میچز لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، ایران، بھارت، کینیڈا، کینیا، آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ، سیرالون اور آزربائیجان شامل ہیں، ٹورنامنٹ 16 فروری تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے ٹیم آج ہفتہ کو پاکستان پہنچیں گیں۔