لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)سی جی اے اور نووا میڈ نے حریف ٹیموں کو پچھار کر کارپوریٹ چیلنج کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی، ٹورنامنٹ کا فائنل اگلے ہفتے کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں کارپوریٹ چیلنج کپ کے دو سیمی فائنل میچ کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں نووا میڈ نے آئی بیکس ڈیجیٹل کو 16 رنز سے شکست دی۔ نووا میڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ اویس ملک 32 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ فاروق ملک اور زوہیب اشرف نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں آئی بیکس ڈیجیٹل کی ٹیم 141 رنز پر ہمت ہار گئی۔فاتح ٹیم کے حمزہ فاروق 41 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ارسلان اشرف اور شان مشتاق نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ اویس ملک کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں سی جی اے نے ڈیسکون کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پرصرف 98 رنز بنا سکی۔ سلمان صادق 28 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ شرف الدین نے 3 اور ارشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا۔ سی جی اے کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ڈیسکون کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔