کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ آمنے سامنے آئیں گے۔یہ میچ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پی ایس ایل فائیو کے دھواں دھار آغاز کے لیے سب تیار ہیں، پہلے میچ میں ٹی ٹوئنٹی سپر ہٹ کے سارے مصالحے موجود ہیں۔ بیٹنگ کے لیے سپورٹنگ وکٹ پر ہائی اسکورنگ میچ اور چوکوں چھکوں کی بارش متوقع ہے۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ تقریباً رات نو بجے آمنے سامنے ہوں گے۔کوئٹہ کو شین واٹسن، احمد شہزاد ، جیسن رائے اور بین کٹنگ جیسے ہارڈ ہٹرز دستیاب ہیں تو اسلام آباد کو رونکی ، کولن منرو، انگرام اور آصف علی کی خدمات حاصل ہیں۔شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں کے ، احمد شہزاد ون ڈاؤن آئيں گے۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے گیم پلان تشکیل دے دیا، وہ کہتے ہیں کہ انفرادی پرفارمنس اچھی ہوگی تو آگے بھی چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں، پی ایس ایل فائیو سے دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا امیج جائے گا، بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آئيں گی۔