سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ دفاعی چیمپئن نے کسی دقت کے بغیر ہنگری کے غیرمعروف مارٹن فیوکسوویک کو ہرا کر لاسٹ ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی۔
عالمی نمبر دو اسٹار ٹورنامنٹ میں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارے ہیں، البتہ سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 58 چنگ ہائیون نے دنگ کردیااور 21سالہ چنگ نے چھ بار کے چیمپئن سربیا کے جوکووچ کو سخت مقابلے میں شکست دی۔
جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے اٹلی کے فابیو فوگنینی کو اسٹریٹ سیٹس سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، جہاں ان کا مقابلہ فیڈرر سے ہوگا۔
ادھر امریکا کے ٹینی سینڈرجن نے ایک اور عمدہ پرفارمنس پیش کی اور آسٹریا کے ڈومینک تھائم کی چھٹی کی۔
دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک سیمونا ہالیپ، امریکا کی میڈیسن کیز اور جرمنی کی انجلیک کربر نے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنالی۔
سیمونا ہالیپ نے جاپانی حریف نامی اوساکا کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرایاجبکہ امریکا کی میڈیسن کیز نے فرانس کی کیرولین گارشیا کو اور جرمنی کی انجلیک کربر نے تائپے کی سو وائی کو ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دریں اثنا پاکستان کے اعصام الحق نے بھی ڈبلز کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیاہے۔