ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ ) کورونا وائرس کے خدشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے اپنے دفاتر بند کردیئے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بی سی سی آئی نے ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں قائم ہیڈ کوارٹر فوری طور پر بند کرتے ہوئے ملازمین کو نوٹی فکیشن جاری کیا ہے کہ دفتر میں آنے کی ضرورت نہیں، گھر سے ہی کام کرسکتے ہیں،تاہم اگر کوئی آنا چاہے تو ایسا کرسکتا ہے۔
دریں اثناء بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری کیمپس بھی ختم کردیئے گئے ہیں،تاہم پلیئرز کی بحالی کے پروگرام روکنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری 2020ء میں ریاست کیرالہ میں رپورٹ ہوا تھا اور 17 مارچ کی صبح تک انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 199 تک جا پہنچی تھی۔
بھارت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز ریاست مہاراشٹر میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 40 تک ہے جن میں سے 3 غیر ملکی شہری ہیں۔
مجموعی طور پر اس وقت تک بھارت کی 15 ریاستوں اور وفاقی علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 17 مارچ کی صبح تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3 تک جا پہنچی تھی۔جنوبی ایشیائی خطے میں کورونا وائرس کے حوالے سے بھارت پہلے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔