لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) محمد حفیظ نے دبے لفظوں میں شرجیل خان کے کم بیک کی مخالفت کردی۔پی ایس ایل ٹو کے آغاز میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پانے والے شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال پابندی کی سزا سنائی گئی تھی، اس کی مدت مکمل ہونے کے بعد اوپنر نے بحالی پروگرام مکمل کیا اور پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئے،انھوں نے چند اچھی اننگز بھی کھیلیں، شائقین اور چند سابق کرکٹرز شرجیل خان کو رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اننگز کے آغاز کا موقع دیے جانے کی بات کر رہے ہیں۔
اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپر 39 سالہ محمد حفیظ نے نام لیے بغیرکہا کہ ’’کسی کے غیر معمولی ٹیلنٹ اور فٹنس کی باتیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں، کیا پاکستان کی نمائندگی کے لیے سب سے پہلا معیار کسی بھی کھلاڑی کی دیانت داری اور عزت نفس نہیں ہونا چاہیے؟‘‘۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ سمیت چند کرکٹرز نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی بھی مخالفت کی تھی تاہم بعد ازاں پی سی بی کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔