لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق قومی کپتان سلیم ملک نے خود پر عائد الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے میچ فکسنگ سے متعلق پی سی بی کے سوالنامے کا تفصیلی جواب جمع کرادیا ہے البتہ اس معاملے میں آئی سی سی کے ملوث ہونے پر کنفیوژن برقرار ہے کیونکہ پی سی بی نے کسی بھی عدالت میں یہ نکتہ نہیں اٹھایا تھا۔پی سی بی میں جواب جمع کرانے کے بعد سلیم ملک کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کے معاملے پر سوئے ہوئے آئی سی سی حکام آخرکار جاگ جائیں کیونکہ انہیں یقین نہیں کہ گورننگ باڈی نے کبھی پی سی بی سے ان کے متعلق کچھ بھی دریافت کیا ہوگا ۔سلیم ملک کا کہنا تھا
کہ ان کا کیس20سال پرانا ہے جس کے متعلق انہیں فراہم کی گئی معلومات جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے منافی ہیں کیونکہ8سال سے وہ اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں مگر کسی عدالت میں مذکورہ شواہد پیش نہیں کئے گئے مگر کلیئر ہونے کے بعد دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آئی سی سی مخالفت کر رہی ہے۔سلیم ملک کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص لابی میرے کیخلاف کام کر رہی ہے لیکن نئے لوگوں کے پاور میں آنے کے بعد انہیں کچھ اچھا ہونے کی امید ہے کیونکہ انہوں نے15روز میں اپنا جواب جمع کرادیا ہے اور آئندہ 15ہ روز میں پی سی بی کے جواب کی توقع ہے جس کے بعد میڈیا ان سے سوالات کرے گا۔