اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور قومی کرکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا۔ راشد لطیف نے پاکستان کے انگلینڈ جانے والے سکواڈ کے 10 کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان پر تنقید کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ ایس او پیز کے بغیر تربیت حاصل کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرتے رہے ہیں اور اس مشکل کا ذمہ دار بھی انہیں ہی ٹھہرانا ہوگا۔ راشد کے مطابق پی سی بی اور کورونا مثبت کیسز والے کھلاڑی غیر پیشہ ورانہ تکمیل کے معاملات کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ایک دن کے لئے گراؤنڈ میں گیا تھا لیکن میں نے روحیل نذیر سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھا۔ آپ کو پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا اور فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کو متاثرہ کھلاڑیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا سلیکشن کمیٹی نے متبادل پر غور شروع کر دیا ہے لیکن ان تبدیل کئے گئے کھلاڑیوں کا بھی ٹیسٹ کرنا ہوگا۔